How to do pastel makeup
پیسٹل میک اپ کیسے کریں
پیسٹل میک اپ، نرم اور دھیمے رنگوں پر مشتمل جدید ٹرینڈ ہے۔ اس میک اپ کی خصوصیت یہ ہے کہ اسے دن اور رات میں کسی بھی وقت بلا جھجک بڑی سہولت کے ساتھ اپنایا جا سکتا ہے۔ اس میں شامل آئی میک اپ سے سے لے کر لپ اسٹک اور بلش تک ،اتنے دلکش شیڈ زموجود ہیں کہ جن کی مدد سے آپ زیادہ تردد کیے بغیر میک اپ کے بہت سے انداز اختیار کر سکتی ہے اور ہر ایک میں خوبصورت نظرآ سکتی ہیں۔ کچھ عرصہ پہلے تک میک اپ کے دھیمے رنگ صرف دن کے میک اپ کے لیے مخصوص تھے ،لیکن اب بدلتے ہوئے رجحانات کے تحت ان خوبصورت پیسٹل کلرز کو شام کی تقریبات کےلیے بھی استعمال کیا جانے لگا ہے۔ یہاں تک کہ شو بزسے تعلق رکھنے والی حسینا ئیں بھی اہم تقریبات میں ڈارک میک اپ کی بجائے یہی پیسٹل میک اپ اپنائے ،کیا خوب دکھائی دیتی ہیں۔ پیسٹل میک اپ کا یہ ٹرینڈ دھیمے شیڈز پر مشتمل ہونے کے باعث خصوصا لڑکیوں میں بہت مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔
اس تحریر میں آپ کے لیے کچھ تجاویز پیش کی جا رہی ہیں، جن کی مدد سے پیسٹل میک اپ کرنا آپ کے لیے یقینا آسان ہو جائے گا ۔
چہرہ : میک اپ شروع کرنے سے پہلے حسب معمول ،کلینزنگ ،ٹوننگ اور موئسچرائزنگ کا عمل مکمل کر لیں۔ اس کے بعد چہرے پر پرائمر لگا کر اس پر میک اپلائی کرنے کے لیے تیار کریں۔ سب سے پہلے فاؤنڈیشن منتخب کریں جس کا شیڈ آپ کی رنگت سے عین قریب ہو۔ پھر کنسیلر اسٹک کی مدد سے چہرے کے داغ دھبے اور اگر چھائیاں وغیرہ ہوں تو انہیں چھپا لیں۔ آخر میں لوز پاؤڈر کی مدد سے میک اپ سیٹ کر لیں۔
آنکھیں : سب سے پہلے بھنوؤں کی ہڈی پر ہلکا سا گلائٹر آئی شیڈو لگائیں۔ اس کے بعد پپوٹوں پر چاکی گولڈ شیڈو اپلائی کریں ۔پھر لیش کرلر کی مدد سے اپنی پلکوں کو کرل کریں اور ان پر نفاست کے ساتھ مسکارا لگائیں ۔پلکوں کے اوپر بلیک آئن لائنز سے لائن بنائیں اور آنکھ کے اندر ہلکا سا کاجل بھر لیں ۔آخر میں نچلی پلکوں تلے کسی دھیمے کلر کا آئی شیڈو کاجل کی مانند لگائیں۔ لیجیے آپ کا پیسٹل آئی میک اپ مکمل ہے
ہونٹ : ہونٹوں پر نرمی سے اپنا ٹوتھ برش پھیر کر انہیں اسکرب کر لیں تاکہ ان پر سے کھال کے مردہ خلیات اتر جائیں۔ پھر ہونٹوں پر لپ بام لگائیں اور اس کے اوپر لپ پرائمر لگا لیں تاکہ اپ کی لپ اسٹک دیر تک قائم رہ سکے۔ پھر کورل پنک شیڈز کی لپ پنسل سے ہونٹوں کی آؤٹ لائن بنائیں۔ اس کے بعد لپ برش کے ذریعے اسی شیڈ کی لپ اسٹک لگا لیں۔ آخر میں ہلکا سا ٹرانسپیرنٹ شمری لپ گلوس اپلائی کر لیں۔
رخسار : بلش کے طور پر آپ اپنی پسند اور اسکن ٹون کی مناسبت سے کوئی دھیما شیڈ منتخب کر سکتی ہیں۔ اس مقصد کے لیے پنک، لائٹ پنک، کور اور ڈیپ شیڈز میں کوئی ایک شیڈ اپنے لیے چن لیں۔ اب گول برش کی مدد سے اسے رخساروں کی ہڈیوں پر نفاست کے ساتھ اپلائی کر لیں۔لیجیے آپ کا پیسٹل میک اپ مکمل ہو گیا۔
پیسٹل میں بہت شیڈز موجود ہیں لہذاآپ اپنی رنگت کی مناسبت سے ان کا انتخاب کر لیں تو آپ کا میک اپ کچھ اور خوبصورت دکھائی دے گا۔ اس لیے جو خواتین قدرے سانولی رنگت کی مالک ہیں وہ اپنے لیے لپ اسٹک کے وارم شیڈز جیسے کہ ٹینگرائن، کورل اور سالمن میں سے کوئی ایک کلر منتقل کریں ۔جن خواتین کی رنگت زردی مائل ہو، ان پر پیسٹل کے تمام تر شیڈزہی اچھے لگتے ہیں، تاہم اگر وہ برائٹ پنک شیڈز میں سے کسی میٹ لپ اسٹک کا انتخاب کریں تو زیادہ خوبصورت نظرآئیں گی۔
جبکہ گندمی رنگت کی حامل خواتین پسیٹل میک اپ کرتے ہوئے اورنگ کے نسبتا ڈارک شیڈز میں سے کوئی شیڈ استعمال کر سکتی ہیں ۔